پنجاب کے اکثر شہروں اور سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پٹرول کی قلت پانچویں روز بھی برقرار، پٹرول پمپس پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں ۔T
لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں پٹرول کا بحران بدستور جاری ہے اور پٹرول کی عدم دستیابی کے باعث شہری مشکلات سے دوچار ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اکثر پمپ مالکان نے فروخت بند کر رکھی ہے جبکہ جن پٹرول پمپس پر پٹرول فروخت کیا جارہا ہے وہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔دوسری جانب کئی مقامات پر پٹرول بلیک میں ڈیڑھ سو روپے فی لٹر تک بھی فروخت ہورہا ہے۔ پنجاب کے ساتھ ساتھ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہریوں کو بھی پٹرول بحران کا سامنا ہے اور ملک کے سب سے بڑے شہر کے باسی پٹرول کی تلاش میں خوار ہورہے ہیں۔پٹرول پمپ مینجرزکا کہنا ہےکہ بحران کی بنیادی وجہ پٹرول کی سپلائی میں کمی ہے۔