فورس کا مورال بلند رکھ کر محرم الحرام کو پْرامن بنائیں گے:خواجہ سلمان رفیق 

لاہور(نیوز رپورٹر) کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈرنے ڈی جی خان میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی صدارت میں وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے شرکت کی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، کمشنر اور آر پی او ڈی جی خان نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ڈی جی خان ڈویژن میں تمام 1359 جلوس اور 4649 مجالس کے سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔ 159 علماء و ذاکرین کی ضلع بندی، 82 کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے جا چکے ہیں۔ صوبائی وزیر   خواجہ سلمان رفیق نے   کہا فورس کا مورال بلند رکھتے ہوئے سب مل کر محرم الحرام کو پْرامن بنائیں گے۔ پنجاب بھر میں امن کمیٹیاں متحرک اور مثبت کردار نبھائیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب میں قائم مرکزی کنٹرول روم صوبہ بھر سے رپوٹ لے رہا ہے۔ مقامی اراکین اسمبلی سردار احمد خان لغاری، سردار اسامہ لغاری، سردار عبدالقادر کھوسہ بھی بریفنگ میں شریک تھے۔ تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن