بھارت کے ہاتھ سے کشمیر نکل چکا
انڈین دانشور، دفاعی تجزیہ کار اشوک سوائن نے ’’ٹوئٹر‘‘ پر کہا ہے کہ ’’بھارت کے ہاتھ سے کشمیر نکل چکا ہے، بھارت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ اسکے گرد گھیرا مزید تنگ ہو رہا ہے، اب تو نئی دہلی حکومت چین کے سامنے آنے کی پوزیشن میں بھی نہیں۔‘‘ دریں اثناء چین نے بھی نیا نقشہ جاری کیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھایا گیا ہے کیونکہ سچائی کو دبایا جا سکتا ہے نہ دھونس دھاندلی سے حقائق تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ سمیت ہر ادارہ اور پوری دنیا کی ہر مملکت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ ہے، افراد اور ادارے جس کا گاہے بگا ہے۔ اظہار بھی کرتے رہتے ہیں، البتہ چین جس ثابت قدمی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے وہ قابل تحسین ہے، چین نے نئے نقشے میں مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھا کر دنیا کو حقائق بتا دیئے ہیں۔ دوسری طرف کشمیری بھی اپنی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہر روز اپنے حصے کی نئی شمع جلاتے ہیں۔ گذشتہ روز برہان وانی کی برسی پر بھی مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی جس پر قابض بھارتی فوج نے سینکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ لہٰذا دنیا کشمیر کی آزادی کے لیے بھارت کے خلاف مضبوط لائحہ عمل اختیار کرے تا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہو اور آزادی کا سویرا طلوع ہو جائے۔