حکمرانوں نے صوبوں میں طبی عملے کی جانوں کو دائو پر لگا دیا: بلاول
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایبٹ آباد کے سرکاری ہسپتال میں کرونا وائرس کے باعث شہید ہونے والے ڈاکٹر فیصل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر فیصل نے کرونا وباء کے شکار انسانوں کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل بھی کنٹریکٹ بھرتی کئے گئے تھے اور ان ڈاکٹروں میں سے ایک تھے جو کئی مہینوں سے پی ٹی آئی حکومت سے تنخواہ ملنے کے منتظر تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے زیر کنٹرول صوبوں میں طبی عملے کی جانوں کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ مذکورہ صوبوں میں طبی عملے کو کرونا کے ساتھ ساتھ حکومت کی مجرمانہ پالیسی کا چیلنج بھی درپیش ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نااہل حکومت عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعے کرونا وائرس کی نرسری بن گئی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے ڈاکٹر فیصل کی شہادت پر ان کے خاندان سے یکجہتی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے۔ قوم ان کے جذبے اور کاوشوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔