ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے بھارتی غرور خاک میں ملا کر مسلسل دوسری مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا
مانچیسٹر(چودھری اشرف)بھارتی ٹیم کو نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ سے آوٹ کر دیا۔ بھارت کے تمام سٹار کھلاڑی ناک آوٹ سیمی فائنل میچ میں کیوی باولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔ 5 کے سکور پر ابتدائی تین کھلاڑی جن میں روہت شرما، کپتان ویرات کوہلی اور کے ایل راہول ایک ایک سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کے ہینری نے روہت شرما اور کے ایل راہول کو آوٹ کیا جبکہ ویرات کوہلی کو بولٹ نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ رشبا پانٹ اور دانیش کارتک نے دفاعی حکمت عملی اپنائی تاہم بھارت کا سکور 24 پر پہنچا تو اس موقع پر دانیش کارتک جنہوں نے 24 گیندوں پر صرف 6 رنز بنائے تھے وہ بھی ہینری کی گیند پر نیشام کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ نیشام نے شاندار کیچ پکڑ کر نیوزی لینڈ کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔ رشبا پانٹ اور نئے کھلاڑی پانڈیا نے بھی دفاعی حکمت عملی کو اپنایا تاہم 71 کے سکور پر رشبا پانٹ 32 رنز بنمانے کے بعد کیوی سپن باولر سانٹنر کو بڑی شاٹ کھیل کر پریشر کم کرنے کی کوشش میں باونڈری لائن پر کھڑے گرینڈ ہوم کو اپنا کیچ دے بیٹھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 47 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ نئے کھلاڑی ایس ایم دھونی میدان میں آئے۔ بھارت کا سکور 92 پر پہنچا تو اس موقع پر ہردیک پانڈیا بھی صبر کا دامن چھوڑ بیٹھے اور کیوی سپن باولر سانٹنر کو شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کین ویلیمسن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ پانڈیا نے 62 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 32 رنز سکور کیے۔ ایم ایس دھونی اور جدیجہ کے درمیان ساتویں وکٹ کی شراکت میں 116 رنز بنے۔ اس دوران جدیجہ نے کیرئر کی گیارہویں نصف سنچری مکمل کی۔ بھارت کا سکور 208 پر پہنچا تو اس موقع پر بھارتی کھلاڑی جدیجہ 59 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 77 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر ویلیمسن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 216 کے ٹوٹل پر بھارت کے تجربہ کار بلے باز ایس ایم دھونی جلد بازی میں دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آوٹ ہو گئے۔ دھونی نے 72 گیند پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے پچاس رنز بنائے۔ بھارت کے بھنویشور کمار بغیر کوئی رن بنائے فرگوسن کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ بھارت رت کو دسواں نقصان چاہل کی وکٹ کی صورت میں برداشت کرنا پڑا۔ بھارت کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 221 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے باولنگ میں میٹ ہنری نے تین، سانٹنر نے دو، ٹرینٹ بولٹ نے دو جبکہ نیشام اور فرگوسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ اس سے قبل مانچیسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ویلیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم کو پہلا نقصان ایک سکور پر مارٹن گپٹل کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ کیوی کپتان کین ویلیمسن اپنے اوپنر ہنری نیکولز کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے دفاعی حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔ دوسری وکٹ کی شراکت 68 رنز کا مزید اضافہ نیوزی لینڈ ٹیم کے سکور میں ہوا۔ اس موقع پر ہینری نیکولز 28 کے انفرادی سکور پر جدیجہ کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑیوں کو وکٹ پر ٹھہرنے میں مشکل پیش آنے لگی جس پر کپتان ویلیمسن نے روز ٹیلر کے ساتھ مزید دفاعی حکمت عملی اپنائی اور 28.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر نیوزی لینڈ کے سکور رنز مکمل کیے۔ بعد ازاں ویلیمسن نے ون ڈے کیئر کی 39 میں نصف سنچری 79 گیندوں پر چار چوکوں سے مکمل کی۔ 134 کے ٹوٹل پر کیوی کپتان کو 67 کے انفرادی سکور پر چاہل نے جیدیجہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔ نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان 162 کے سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب بھارت کے پانڈیا نے جیمز نیشام کو کارتک کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔ جیمز نیشام نے 12 رنز سکور کیے۔ نیوزی لینڈ اننگز کے 200 رنز 44.3 اوورز میں مکمل ہوئے۔ اس موقع پر کیوی کھلاڑی گرینڈ ہوم 16 کے انفرادی سکور پر بھنیشور کی گیند پر وکٹ کیپر دھونی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ اس سے قبل روز ٹیلر نے ون ڈے کیرئر کی پچاسویں نصف سنچری 73 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی۔ نیوزی لینڈ اننگز کے 46.1 اوورز کا کھیل مکمل ہوا تھا کہ فیلڈ امپائرز کی جانب سے آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا تھا تاہم میچ کے متبادل دن دوبار کھیل شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کی جانب سے روز ٹیلر اور لیتھم نے اننگز کا آغاز کیا۔ دوسرے روز نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان روز ٹیلر کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ روز ٹیلر 74 رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔ اگلی ہی بال پر ٹام لیتھم بھی بھنیشور کمار کا شکار ہو گئے۔ لیتھم نے 10 رنز سکور کیے۔ ہینری نیوزی لینڈ کے آوٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی تھے انہوں نے صرف ایک رن بنایا۔ سنٹر 9 جبکہ بولٹ 3 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے باولنگ میں بھنیشور کمار نے تین جبکہ بھمرا، پانڈیا، جدیجہ اور چاہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔