غیر ملکی دوروں پر غریب عوام کا پیسہ خرچ کرنے والوں کے احتساب کا وقت آگیا ہے: فردوس عاشق اعوان
اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سابق حکمرانوں کے اپنے غیر ملکی دوروں میں قومی خزانے کو اپنی عیاشیوں پر خرچ کرنے پر افسوس ظاہر کیا ہے۔آج ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ غیر ملکی دوروں پر غریب عوام کا پیسہ خرچ کرنے والوں کے احتساب کا وقت آگیا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ اگرلوٹ مارکرنے والوں نے کروڑوں روپے کی بخشش نہ دی ہوتی تو آج قوم کو غربت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ اب یہ بدعنوان لوگ اپنے غیرملکی دوروں کو ڈھٹائی سے اپنا استحقاق قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سابق حکمرانوں نے سرکاری گاڑیوں کے استعمال سمیت قومی خزانے کے اخراجات کرکے غیرملکی نجی دورے کئے۔فردوس عاشق اعوان نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے شور شرابے کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ انہیں ہر صورت میں احتساب کا سامنا کرنا ہوگا۔