مخالفین نے دباو کے تمام حربے استعمال کر لیے، گزشتہ ستر برس سے جو لڑائی جاری تھی اب اس کے اختتام کا وقت آ گیا ہے: مریم نواز
سابق وزیرِاعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 70 سال سے جاری لڑائی اب اپنے اختتام تک پہنچنے کے قریب ہے، ہمارے ارادے متزلزل نہیں ہونگے۔لندن میں میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ مخالفین نے دباو کے تمام حربے استعمال کر لیے، نواز شریف کو عوام سے دور رکھنا ایک سطحی سوچ ہے، مخالفین جو حاصل کرنا چاہتے ہیں، نتائج اس کے برعکس آ رہے ہیں کیونکہ عوام کو پتہ ہے کہ اصل حقیقت کیا ہے،مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ ستر برس سے جو لڑائی جاری تھی، اب اس کے اختتام کا وقت آ گیا ہے۔ اب یہ 70 اور 80 کی دہائی کا ماحول نہیں ہے جس میں سب کو اپنی مرضی سے چلایا جاتا تھا، جتنی زیادہ وضاحتیں آئیں گی، لوگ اتنے زیادہ ایکسپوز ہو جائیں گے، گرفتاری جیسے ہتھکنڈوں سے نون لیگ کے ارادے متزلزل نہیں ہوں گے، سازش کے منصوبہ سازوں کو پتہ ہے کہ نواز شریف کو سب سے بڑی عوامی حمایت حاصل ہے، وہ عوامی طاقت سے وقت کا رخ موڑ سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری واپسی کے بارے میں اللہ بہتر جانتا ہے، ہم بھاگنے کے لئے نہیں بلکہ پاکستان گرفتاری دینے جا رہے ہیں۔ ہم ایئرپورٹ سے باہر جائیں گے اور کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے،اس سے قبل مریم نواز نے ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنا پاکستان آنے سے روکنے کی ایک اور چال ہے غلطیوں پر غلطیاں کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ نواز شریف اور مریم نجی ائرلائن کی پرواز 242 سے 13 جولائی کو لاہور پہنچیں گے۔شیڈول کے مطابق پرواز شام 8 بجے علامہ اقبال ائرپورٹ پر لینڈ کرے گی جبکہ نواز شریف اور مریم کی لندن سے وطن واپسی کیلئے روانگی 12 جولائی کی رات 8 بج کر 45 منٹ پرہوگی۔اس سے پہلے لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا عمران خان کی تربیت میں کمی رہ گئی ہے۔ کس کس کوپکڑیں گے۔ ظلم کے خلاف آواز نہیں دبا سکتے۔ ظلم کرنے والوں کی جان نکلی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا جب ردعمل سہنے کی ہمت نہیں، تو ظلم کرتے وقت کیوں نہیں سوچتے۔ جان نکلی ہوئی ہے، بہت ڈر لگ رہا ہے ان کو۔مریم نواز نے مزید کہا ردعمل سہنے کی ہمت نہیں تو ظلم کرتے وقت سوچنا چاہیے۔ فیصلہ دیتے وقت سوچنا چاہیے۔ اس کے نتائج کیا ہوں گے۔مریم نواز کا کہنا تھا بڑا مشکل ہے ہزاروں لوگوں پر مقدمات بنانا۔ کس کس کو پکڑیں گے۔ ظلم کیخلاف آواز نہیں دبا سکتے۔انہوں نے مزید کہا مایوسی اور ناامیدی کی حد نظر آرہی ہے۔ کسی کے اعصاب جواب دیتے جارہے ہیں۔ نواز شریف کے خلاف ہر چال بیک فائر ہوگئی۔انہوں نے کہا ووٹ کوعزت دو کی تحریک منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔