نواز شریف کیخلاف فیصلہ بہت کمزور ، عدالتیں مسترد کردیں گی: خواجہ آصف
سیالکوٹ(نامہ نگار) سابق وزیر خارجہ و مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف کیخلاف فیصلہ بہت کمزور ہے جسے ہماری عدالتیں مسترد کردیں گی۔ 25 جولائی کو دس، گیارہ کروڑ ووٹر پولنگ سٹیشنز پر جا کر ملک کا فیصلہ کرینگے کیونکہ یہ الیکشن معمولی الیکشن نہیں یہ پاکستان کی بقا کا معاملہ ہے۔نواز شریف کو تین مرتبہ وزارت عظمیٰ ملی اسے ووٹوں سے نہیں اور طریقوں سے نکالا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوہد پور دیگر مقامات پر الیکشن مہم کے سلسلہ میں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ کسی بھی وزیر اعظم کو آئینی اور قانونی طریقے سے ہٹایا جاتا ہے۔ نواز شریف نے ایٹمی دھماکہ کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا یا۔ انہوں نے کہا کہ آج پانچ سال بعد وہ وزیر اعظم نہیں لیکن اس نے وعدے وفا کئے، دہشت گردی دم توڑ رہی ہے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ 70 سال میں اتنی بجلی پیدا نہیں ہوئی جتنی ہمارے دور میں ہوئی۔ ووٹ کی عزت اس لئے نہیں مانگتا کہ اسے وزارت عظمی کی ضرورت ہے۔لوگ اقتدار کیلئے مفت باری عمرے کرتے ہیں وہاں سجدہ نہیں کیا کہیں اور کرتا ہے۔یہ لوگ ہیں پاکستان کے عوام کے حکمران بننے کے خواہشمند ہیں اور تمام وہ لوگ جو مشرف کیساتھ تھے آج پی ٹی آئی میں ہیں۔ ایسے لوگوں کو اپنے آپ سے شرم آنی چاہیے مجھے کہنے کی کوئی ضرورت نہیں ہونی چاہیے کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیاہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین باہر نکلیں اور نواز شریف کیلئے ووٹ مانگییں تاکہ وہ کالے فیصلے کو مسترد کر سکے۔نواز شریف کو قید یا جیل ڈرا نہیں سکتے اس کی جان پاکستان اور عوام میں ہے۔ عمران خان نے ایک بھی امیدوار پی ٹی آئی کا کارکن نہیں سارے لوٹے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوا دو سال سے اس ملک میں جو ہوا اس کے باوجود جدوجہد جاری رکھی۔نواز شریف کا پچیس تیس سالہ سیاسی کیریر ختم کرنے کی یہ کوئی دلیل نہیں۔ اگر دھرنے بیچ میں نہ آتے تو یہ لوڈشیڈنگ تھوڑی سی ہے وہ بھی ختم ہوجانی تھی۔