میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح :جاوید اقبال کا نیب لاہور کا دورہ
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کی اولین ترجیح میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ترجمان نیب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے نیب لاہور کا دورہ کیا، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب کو میگا کرپشن کے مقدمات پر ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی زیر نگرانی نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہا۔چیئرمین نیب نے فیروز پور ہاسنگ سوسائٹی کے متاثرین میں 59 کروڑ روپے کے چیک تقسیم کیے، اس موقع پر خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ نیب کام، کام اور صرف کام پر قانون کے مطابق یقین رکھتا ہے۔ نیب بدعنوان عناصر کی قانون کے مطابق گرفتاری کے علاوہ ان سے قوم کی لوٹی گئی 297 ارب روپے کی رقوم قومی خزانے میں جمع کروانے والا واحد قومی ادارہ ہے۔جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، ہائوسنگ سوسائٹیوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کے متاثرین کو ان کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی بھی نیب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔