400ریال ماہانہ ٹیکس:پاکستانیوں کی بڑی تعداد سعودی عرب سے واپس آنے لگی
گگو منڈی( نامہ نگار)سعودی عرب میں نئے لیبر قوانین کے نفاذ کے بعد بسلسلہ روزگار ہزاروں پاکستانیوں کی واپسی شروع ہو گئی ہے ۔نئے قوانین کے تحت مبینہ طور پر سعودی حکومت نے ہر غیر ملکی پر فی کس 400روپے سعودی ریال ماہانہ ٹیکس عائد کر دیا ہے جس کے نتیجہ میں کسی بھی غیر ملکی کا سعودی عرب میں رہنا نا ممکن ہو گیا ہے ۔متاثرین کا بیان ۔گگو منڈی اور گردو نواح سے بسلسلہ روز گار سعودی عرب گئے ہوئے پاکستانیوں کی حالیہ دنوں میں بڑی تعداد واپس آ گئی ہے واپس آ نے والے افراد میں شامل طالش سکنہ چک نمبر 243۔ای۔ بی ،مرزا محمد ارشد سکنہ گگو منڈی اور محمد صفدر وغیرہ نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے غیر ملکیوں پر بھاری ٹیکس عائد کر دیئے ہیں جو تقریباً400ریال ماہانہ فی کس بنتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد لیبر ویزہ پر گئی ہے یا کوئی چھوٹی موٹی ملازمت کرتے ہیں جن کی تنخواہ 12سو تا 2ہزار ریال بنتی ہے اگر اس میں سے ماہانہ 4سو ریال ٹیکس دے دیں گے تو وہاں کیا کھائیں گے اور گھر کیا بھجوائیں گے اگر کسی کی فیملی بھی وہاں مقیم ہے تو اس ٹیکس کے نفاذ کے بعد وہاں رہنا ناممکن ہو جائے گا ۔طالش نے بتایا کہ اس کی فیملی سات افراد پر مشتمل ہے نئے لیبر قوانین کے نفاذ کے بعد اس نے وطن واپس آنے کا فیصلہ کر لیا اور اس نے خروج کے لیے درخواست دی تو متعلقہ محکمہ نے اس سے 28سو ریال وصول کر نے کے بعد اسے پاکستان آ نے کی اجازت دی۔