ہائی پروفائل دہشت گرد محمدنواز کو علاج کیلئے ساہیوال جیل سے نشتر لایا گیا پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی
ملتان (سٹاف رپورٹر) ہائی پروفائل دہشت گرد کو گزشتہ روز ساہیوال جیل سے علاج کے لئے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا۔ 3گھنٹے ایمرجنسی میں زیرعلاج رہنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ساہیوال سے ہائی پروفائل دہشت گرد محمدنواز کو نشتر ہسپتال لایا گیا۔ اس موقع پر دونوں اضلاع کی پولیس نفری کے علاوہ حساس اداروں کے اہلکار بھی نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی میں موجود رہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریض کو انتڑیوں کا مسئلہ تھا جس پر سرجی تجویز کی گئی تاہم ٹیسٹ رپورٹس آنے کے بعد محمدنواز نامی دہشت گرد مریض نے سرجری کرانے سے انکار کر دیا جس پر 3گھنٹے ایمرجنسی وارڈ میں زیرعلاج رہنے کے بعد واپس ساہیوال جیل منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران نشتر ایمرجنسی میں سکیورٹی الرٹ رہی اور ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر امجدخان چانڈیو خود معاملات کی نگرانی کرتے رہے۔