شیخ عمر دین نے پوری زندگی اخبار فروش برادری کے حقوق کی جدوجہد کی: ٹکا خان
ملتان (سپیشل رپورٹر) آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات مرکزی سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے کہا ہے کہ شیخ عمر دین نے پوری زندگی اخبار فروش برادری کے حقوق کی جدوجہد کی۔ وہ اخبار فروش فیڈریشن کی جان تھے اور اپنی ایمانداری کی وجہ سے ہر بار فیڈریشن کے الیکشن بورڈ کے چیئرمین نامزد ہوئے۔ وہ ملتان پہنچنے پر ان کی رہائش گاہ پر شیخ عمر دین مرحوم کے سوگواروں سے فاتحہ خوانی کے بعد بڑے صاحبزادے شیخ صلاح الدین سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر دیگر اخبار فروش رہنما بھی موجود تھے۔ جبکہ ٹکا خان نے کہا کہ ملتان میں اخبار مارکیٹ کے قیام اور اخبار فروشوں کے مسائل کے حل میں مرحوم کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ادھر سابق سپیکر سید فخر امام نے بھی شیخ صلاح الدین سے ان کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ شیخ عمر دین مرحوم شہر کی سماجی اور دینی تقریبات کی جان تھے۔ ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ صدیوں پر نہیں کیا جا سکے گا۔ جماعت اہلسنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے بھی مرحوم کے گھر جا کر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عمر دین سچے عاشق رسولؐ تھے۔ انہوں نے ہر سال کی طرح اس سال بھی 12 ربیع الاول کے جلوس اور دیگر تقریبات کی تیاری کے ساتھ ساتھ جشن ولادت حضرت محمدؐ میں خود شرکت کی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور سوگواروں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ واضح رہے کہ اخبار فروش فیڈریشن کے نائب صدر پنجاب عقیل عباسی، جوائنٹ سیکرٹری پنجاب سہیل پاشا، صدر اسلام آباد یونین چودھری محمد شریف، آرگنائزر آزاد کشمیر جاوید عباسی، ملتان یونین کے صدر ملک عرفان اتیرا، جنرل سیکرٹری احمد افتخار ملک، نائب صدر رحیم یار خان ظفر امین، جنرل سیکرٹری خان پور نادر خان، ممبر فیڈریشن ملک بلال، حاجی ملک شہزاد، سابق صدر ملتان ملک نواز اتیرا، ملک حاجی ایوب، ناصر حسین قریشی، ریاض غوری، حاجی عبدالستار، نائب صدر ملتان ملک سجاد رسول بھی موجود تھے۔