زائد المعیاد تیل کے استعمال پر فروزن فوڈ فیکٹری سیل
ملتان (سٹاف رپورٹر) اونچی دکان، پھیکا پکوان کے عین مترادف لاہور میں معروف فروزن فوڈز بنانے والی فیکٹری کو استعمال شدہ تیل سے اشیاء خورد و نوش تیار کرنے پر سیل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم نے معروف بریڈ اور فروزن فوڈز بنانے والی فیکٹری کے رائے ونڈ یونٹ پر چھاپہ مارا اور گزشتہ ہدایات کے باوجود استعمال شدہ تیل کو ٹھکانے لگانے کا قانون کے مطابق بندوبست نہ ہونے پر سٹور اور پروڈکشن ایریا سیل کر دیا۔ تیار اشیاء خورد و نوش کے سٹور کی چھت بھی ٹپکتی ہوئی پائی گئی جبکہ اشیاء خورد و نوش تیار کرنے والے برتن زنگ آلود پائے گئے۔ پانی کے فلٹر کی تبدیلی کا ریکارڈ، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدم موجود پائے گئے جبکہ حلال سرٹیفکیٹ بھی ایکسپائر پایا گیا۔ اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا تھا کہ زائد المعیاد تیل کا ستعمال کینسر کا سبب بنتا ہے اور اس حوالے سے قوانین انتہائی واضح ہیں۔ استعمال شدہ تیل صرف بائیو ڈیزل میں استعمال کرنے کی اجازت ہے۔