افغان مہاجرین نے پاکستان چھوڑنے کیلئے31جنوری کی ڈیڈ لائن مسترد کردی
پشاور(اے این این) افغان مہاجرین نے پاکستان چھوڑنے کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن مسترد کرتے ہوئے مزید وقت مانگ لیا۔ خیبرپی کے میں آباد افغان مہاجرین کے عمائدین نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت پاکستان کی طرف سے تمام افغان باشندوں کو 31 جنوری تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ عمائدین نے مطالبہ کیا ان کے معاشی معاملات یہاں سے وابستہ ہیں جنہیں سمیٹنے کے لیے انہیں مزید وقت دیا جائے۔عمائدین کا کہنا تھا انہوں نے پاکستانی معشیت میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کررکھی ہے حکومت ایسا کوئی نظام وضع کرے جس کے ذریعے ہماری رقم ہمیں واپس مل سکے، ہم افغانستان واپس جانے کے لیے تیار ہیں مگر حکومت ہماری سرمایہ کاری سے متعلق ہمارے لیے واضح گائیڈ لائن جاری کرے۔