پاکستان نے امریکہ، اتحادیوں سے زیادہ فوجیوں کی جانیں گنوائیں: پینٹاگون
واشنگٹن (بی بی سی + اے این این) امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے ترجمان کرنل روب میننگ نے واضح کیا ہے پاکستان کی امداد منسوخ نہیں بلکہ معطل کی گئی ہے، حقانی نیٹ ورک کی قیادت اور حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو مزید پاکستانی سرزمین پر محفوظ پناہ گاہیں دستیاب نہ ہوں اور نہ ہی پاکستانی سرزمین سے کارروائیاں کر سکیں۔ صحافیوں سے گفتگو کی مزید تفصیلات کے مطابق ترجمان نے کہا پاکستان کو سال 2017ء کے کولیشن سپورٹ فنڈز میں سے تاحال کوئی رقم نہیں ملی جبکہ سال 2016ء کے فنڈ سے 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم2017ء کے شروع میں ملی تھی، 2017ء کی 90کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ نہیں کی گئی اور نہ ہی اس کا نیا شیڈول دیا گیا ہے بلکہ اسے معطل کیا گیا ہے، فنڈز کی معطلی اس وقت مستقل نہیں ہے، ترجمان نے کہا امریکہ نجی سطح پر پاکستانی حکومت کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گا اور پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گرد گروہوں کے خلاف بلاامتیاز جنگ کرنے پر تیار ہے۔ امریکی وزیر دفاع جم میٹس کی پانچ جنوری کی نیوز کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا امریکہ کو اختلافات ہیں، بعض معاملات پر شدید اختلافات ہیں اور ہم ان پر کام کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق مخصوص انفرادی چیزوں پر ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ ان کو نجی سطح پر نمٹایا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہر ممکن طور پر یہ فائدہ مند ثابت ہوں اور یہ وہ ہے جس پر ہم کام کر رہے ہیں۔ ترجمان نے اعتراف کیا دولت اسلامیہ کے خلاف کارروائیوں میں امریکہ اور اتحادیوں کے ہلاک ہونے والے مجموعی فوجیوں سے زیادہ پاکستان نے اپنے فوجیوں کی جانیں گنوائی ہیں۔