شریف جونیئر فیصلہ کرلیں عزت کیساتھ جانا ہے یا کسی اور طریقے سے: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ’’شریف جونیئر‘‘ فیصلہ کریں عزت سے جانا ہے یا کسی اور طریقے سے؟شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کے ساتھ کھڑی ہونیوالی سیاسی جماعتوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں ۔17جنوری کی احتجاجی تاریخ کے متفقہ اعلان سے حکمرانوں کے ایوانوں میں زلزلہ کی کیفیت ہے۔ 17جنوری کے احتجاج میں تمام جماعتوں کی بھرپور شرکت ہو گی۔ جس جمہوریت میں وزیر اعظم سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کا شرمناک بیان دے اور قاتلوں اور لٹیروں کو تحفظ ملے ایسے نظام اور اسکے محافظوں کو اٹھا کر سمندر میں پھینک دینا چاہیے ۔17جنوری سے شروع ہونیوالی احتجاجی تحریک قاتل اعلیٰ اور حواریوں کو انجام کے راستے پر ڈالے گی ۔سلطنت شریفیہ کا اقتدار نزعی حالت میں ہے بہت جلد قوم کو بڑی خوشخبری ملے گی ۔گزشتہ دو دہائیوں میں پہلی بار اپوزیشن قیادت ایک میز پر بیٹھی جس کا اعزاز عوامی تحریک کو ملا اتفاق میں برکت کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ،یہ اتفاق برقرار رہا تو ملک سے غاصبوں ،قاتلوں ،چوروں اور لٹیروں کا مکمل خاتمہ ہو جائیگا ۔ میرا ایمان ہے ظالم نظام کے خلاف بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائیگا ۔کور کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کرنیکا فیصلہ کیا گیا ۔13جنوری کو عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے ۔سربراہ عوامی تحریک سے گزشتہ روز وائس چیئر مین پنجاب بار کونسل ملک عنایت اللہ اعوان کی قیادت میں سینئر وکلاء کے وفد نے بھی ملاقات کی وفد میں حاٖفظ ناصر محمود اعوان ایڈووکیٹ ،میاں فیض علی ایڈووکیٹ ممبر پنجاب بار کونسل ،ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ ،یاسر چوہدری ایڈووکیٹ شامل تھے ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نو ر اللہ صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملک عنایت اللہ نے کہا کہ17جنوری سے شروع ہونیوالا احتجاج انصاف کیلئے ہے اور انصاف کی جدوجہد میں وکلاء برادری شہدائے ماڈل ٹائون کے مظلوم ورثاء کے ساتھ ہے ، طاہرالقادری نے کہاکہ ہر دور میں وکلاء نے آئین و قانون کی سر بلندی کیلئے بے مثال جدوجہد کی اور لازوال قربانیاں دیں ۔وکلاء برادری کے ہوتے ہوئے کوئی ظالم عوام کے بنیادی آئینی حقوق سلب نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہا کہ بڑا شریف اللہ کی گرفت میں آیا۔’’شریف جونیئر ‘‘ مظلوموں کی آہوں کی لپیٹ میں آئے گا اور اب یہ وقت زیادہ دور نہیں ہے ۔