جڑانوالہ: بس نے 3 بہن بھائیوں کو کچل ڈالا‘ حالت نازک‘ شیخوپورہ: رکشہ کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار طالب علم ہلاک
فیصل آباد، جڑانوالہ، شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ آئی این پی) شیخوپورہ میں رکشہ کی ٹکر سے گرنے والے موٹر سائیکل سوار 2طلبا کو کچل دیا جس کے نتیجہ میں ایک جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ دوسری طرف فیصل آباد میں ڈرائیور نے تیز رفتار بس موٹر سائیکل سوار 3بہن بھائیوں کو روند ڈالا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ مشتعل طلبا نے بس کو آگ لگا دی۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے نواح میں فاروق آباد کا رہائشی طالبعلم 17سالہ ابوہریرہ اور 19 سالہ زبیر اپنی موٹر سائیکل پر شیخوپورہ پڑھنے کالج جا رہے تھے کہ راستے میں ماچھیکے سٹاپ کے قریب عقب سے آنیوالے رکشہ نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے دونوں سڑک پر جا گرے اور اسی اثناء میں مخالف سمت سے آنیوالی مسافر ویگن ان پر چڑھ گئی جس کے نتیجہ میں ابوہریرہ موقع پر دم توڑ گیا جبکہ محمد زبیر شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے نعش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری طرف فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی اور جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چک نمبر 61گ۔ب کے رہائشی 2بھائی طالب علم سعد محمود اور قاسم محمود اپنی بہن سمعیہ محمود کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ شیروآنہ پل جڑانوالہ کے قریب نجی کمپنی کی بس نے انہیں کچل دیا جس سے تینوں بہن بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ پر طلبا نے مشتعل ہوکر بس کو آگ لگا دی جبکہ بس ڈرائیور فرار ہوگیا۔