پی ایس ایل: پشاور زلمی کیساتھ آئی ایم جی سی کی اشتراکیت جاری رہے گی: احسن رشید
ملتان (سپورٹس رپورٹر) سی ای او حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز شیخ احسن رشید نے کہا ہے کہ پی ایل ایل ملکی تاریخ کا میگا ایونٹ ثابت ہو گا اس میں شامل ٹیموں پشاور زلمی کرکٹ ٹیم کے ساتھ آئی ایم جی سی کی طرف سے اپنی مکمل اشتراکیت کو جاری رکھا جائے گا جبکہ آئی ایم جی سی کے ذیلی ادارے حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز کی جانب سے ملتان سلطانز کی بھرپور سپورٹ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کے ساتھ ملتان کی وجہ سے گہری وابستگی ہے خواہش ہے ملتان سلطانز ترقی اور بلندی کے سفر پر گامزن ہو اور بے شمار کامیابیاں سمیٹے۔ پی ایس ایل کا انعقاد خوش آئند ہے جس میں ملتان سلطانز کی ٹیم کی شمولیت ملتان کے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ توقع کرتے ہیں ملتان سلطانز کے نوجوان کھلاڑی ملتان کا نام ضرور روشن کریں گے۔ ہماری مالی اور ہمہ قسمی سپورٹ ملتان سلطانز کے ساتھ بھرپور انداز میں ہو گی اور ہم ہر ایونٹ میں شرکت کریں گے جبکہ آئی ایم جی سی پشاور زلمی کے شانہ بشانہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فیز ون میں معذور افراد کی کرکٹ ٹیموں نیو سہارا سپیشل سپورٹس اینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن‘ محمدبن قاسم بلائنڈ سنٹر‘ سوسائٹی فار سپیشل پرسنز‘ نیو سہارا ڈیف ایسوسی ایشن‘ یونائیٹڈ ریلیف بلائنڈ سنٹر کی کرکٹ ٹیموں کے مابین بھی ملتان سلطانز اور پشاور زلمی ٹیموں کے نام سے موسوم کرکٹ میچز کا انعقاد آج سے کیا جا رہا ہے۔ ملتان سلطانز‘ پشاور زلمی‘ معذور افراد‘ سماجی میدان‘ تعلیمی‘ فلاحی اداروں کے ساتھ اشتراکیت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔