عدالتیں اتنی کمزور نہیں اپنے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرا سکیں:لاہور ہائیکورٹ
لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب کو دو ماہ میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروا کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار طارق محمود نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود اس کی 20 کنال سے زائد اراضی کے قبضے کو واگزار نہیں کرایا جا رہا۔عدالتی حکم پر چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن عدالت میں پیش ہوئے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی۔جس پر فاضل عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی بہت وقت دیا جا چکا ہے ،عدالتیں اتنی کمزور نہیں کہ اپنے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرا سکیں،عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو ہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب کو دو ماہ میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروا کر رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔