ٹرمپ انتظامیہ کا امریکی چیزیں خریدو کی حکمت عملی کو مؤثر بنانے کا فیصلہ
واشنگٹن (آئی این پی)امریکہ میں صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے امریکی چیزیں خریدو کے نام سے اپنی نئی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کر لیا اور وہ اب دنیا بھر میں موجود امریکی سفارتخانوں میں اپنے ملٹری اتاشیوں اور سفارتکاروں کو زور دے گی کہ وہ امریکی ہتھیاروں کی دنیا بھر میں فروخت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں اور اس کیلئے انہیں اپنے معمول کے فرائض سے آگے بڑھ کر کوششیں کرنا ہوں گی۔امریکی میڈیا کے مطابق توقع ہے کہ صدر ٹرمپ آئیندہ فروری میں امریکی اسلحے کی برآمدات میں نرمی کی نئی پالیسی کا اعلان کریں گے۔ ان برآمدات میں لڑاکا جہازوں، ڈرون، جنگی جہازوں اور گولہ بارود تک تما م قسم کا اسلحہ شامل ہو گا۔اس حکمت عملی کا مقصد صدر ٹرمپ کے انتخابی وعدے کو پورا کرنا ہے جس میں انہوں نے بیرون ملک امریکی سازوسامان کی فروخت بڑھا کر امریکیوں کیلئے روزگار میں اضافے اور چھ برس سے جاری 50 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کو کم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔