نثار کی ملاقات: میڈیا سرد خانوں میں پڑے اربوں کے کرپشن مقدمات کی نشاندہی‘ نیب کارروائی کرے: شہباز شریف
لاہور+اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے صحافیوں کے مسائل ایک ہفتے میں حل کیے جائیں ۔اصلاح کی غرض سے مثبت صحافتی تنقید کا خیر مقدم کرتے ہیں مگر میڈیا کوخود احتسابی کرتے ہوئے زردصحافت کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔حق اورسچ کی ذمہ داری کے ساتھ بات کرنے والے صحافی ا ورمیڈیا ادارے قابل تحسین ہیں۔صحافی سرد خانوںمیں پڑے اربوں کی کرپشن کے کیسوں کی نشاندہی کریں اورنیب ان سے گرد جھاڑے اوران پر کارروائی کرے۔ شہبازشریف نے یہ بات لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات میں کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار کلیدی ہے۔حکومت اوراداروں پر مثبت تنقید کے صحافتی حق کو تسلیم کرتے ہیں مگر روٹین کی اننگز کھیلنے کی بجائے اصلاح معاشرہ کیلئے کام کرنا آپ کو صحافتی دنیا میں انفرادیت بخشے گا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج پاکستان میں وہ صورتحال نہیں جو2013ء سے پہلے تھی ۔انرجی بحران ختم ہونے کو ہے۔ دھرنوں ،جلسوں ،جلوسوں کی رکاوٹوں اورمخالفین کی تنقید کے باوجود اربوں روپے کے انرجی پراجیکٹس بجلی کی پیداوار شروع کرچکے ہیں۔مخالفین ان میں کرپشن نکال کر دکھائیں۔ ماضی کی نسبت دہشت گردی کے واقعات میں بہت نمایاں کمی آچکی ہے ۔ اس میں ہماری فوج ،پولیس اوردیگر سکیورٹی اداروں کے جوانوں کے علاوہ عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں لیکن اس کے باوجود امریکی صدر کی پاکستان پر تنقید اورتضحیک آمیز بیان پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ اس پر ہر صحافی، سپاہی، جج، جرنیل، تاجر، استاد غرض کے ہر شخض کو غور کرنا چا ہیے کیونکہ 70سال سے آج تک کسی نے ہمیں بری طرح مخاطب نہیں کیا ۔ہمیں اس کی وجوہات میں جائے بغیر نجات کا راستہ تلاش کرنا ہے۔ ٹرمپ کے بدترین الفاظ سے ہمارے دلوں پر تیر چلے،پاکستان جھوٹا اور فریبی کھیلانے کا حقدار نہیں ۔کیا اس سے بڑا کوئی اورطعنہ ہوگا؟۔اب ہم روکھی سوکھی کھالیں گے ، اپنے وسائل خود پیدا کریں گے اورمحدود وسائل کو عام آدمی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے شفافیت کے ساتھ استعمال کریں گے۔ ملتان میٹرومیں کرپشن کا الزام لگانیوالے نے قومی تشخص کو نقصان پہنچایا۔اگر میں نے بھی کرپشن کی ہے تو اسے ثابت کیا جائے۔ میرا یہ گلہ ہے کہ چین جیسے مخلص دوست کو کرپشن میں ملوث کرنا کہاں کا انصاف ہے ،اسی طرح کسی نے کہا کہ مدینہ منورہ میں ہمیں انکوائری کیلئے بلایا گیا ہے ۔میں تو ان سعودی شہزادوں سے کبھی ملا بھی نہ ہوں لیکن ایسی غیر ذمہ دار الزام تراشی سے ہم اپنے مخلص اوربہترین دوست ممالک کو ناراض بھی کرسکتے ہیں۔ وزیراعلی نے ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال، خوداحتسابی، معاشرے میں میڈیا کے کردار سمیت مختلف اہم مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔علاوہ ازیں چودھری نثار نے شہبازشریف سے ماڈل ٹائون میں ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ایم این اے سلطان محمود ہنجرا سے ملاقات میں وزیراعلی نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر اور کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی، اس لئے عوام کو صحت کی معیاری اور جدید سہولتوں کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں اور صحت کے شعبہ کی بہتری اور عوام کو ان کی دہلیز پر طبی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ الزامات کی سیاست کرنیوالوں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ایسے عناصر نے عوام کی خدمت کی بجائے اپنا تمام وقت منفی سیاست میں صرف کیا۔ آئندہ انتخابات میں منفی اور الزامات کی سیاست کرنے والے عوام کے احتساب سے بچ نہیں پائیں گے۔ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں بیجنگ انڈر پاس کی لینڈ سکیپنگ کے پلان کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میںبیجنگ انڈر پاس ،رنگ روڈسدرن لوپ کے لینڈ سکیپنگ پلان اور ہارٹی کلچر کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاہور رنگ روڈ کے منصوبوں میں ہونیوالی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ اہل لاہور کیلئے رنگ روڈ سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے اور رنگ روڈ کے ذریعے لاہور کے لاکھوں شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت حاصل ہوئی ہے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں جاری پاورپراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور شہبازشریف کی اہم ملاقاتوں میں ملکی سیاسی صورتحال اور جماعتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شہبازشریف نے ان کو اپنے دورہ سعودی عرب کے بارے میں اعتماد میں لیا۔ انہوں نے چودھری نثار علی خان سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں 17 جنوری کو شروع کی جانے والی احتجاجی تحریک کو ناکام بنانے کیلئے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف