گھریلو خواتین کو سڑکوں پر لانا گھٹیا سوچ کی عکاسی ہے، خواجہ نعیم
گوجرخان (نامہ نگار)باپردہ گھریلو خواتین کو گیس مظاہرے کی آڑ میں سڑکوں پر لانا گھٹیا سوچ کی عکاسی ہے گیس پریشر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے ٹیم گزشتہ کئی دنوں سے مصروف عمل تھی اورآج یہ مسئلہ حل ہوجانا تھالیکن سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنے والوں نے جی ٹی روڈ بلاک کر کے اپنی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کی کوشش کی ان خیالات کااظہار وائس چیئرمین بلدیہ خواجہ نعیم قیوم اور خان آصف نے اپنے اخباری بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ گوجرخان کے شہری علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے گیس پریشر کے حوالہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا تھاجی ایم گیس کو اس حوالہ سے آگاہ کیا گیا جنہوں نے مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر مسئلہ حل کرا دیا لیکن اس کے باوجود سیاست کے نام پر ڈرامہ کرنے والے کچھ مایوس عناصر نے گھریلو باپردہ خواتین کو جی ٹی روڈ پر لا کر مظاہرہ اور سڑک بلاک کرا کے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی جوقابل مذمت ہے ۔