دوہرے ٹیکس کاروباری برادری کے مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں: ملک طاہر جاوید
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ دوہرے ٹیکس کاروباری برادری کے مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں وفاقی و صوبائی ٹیکس نظام میں ہم آہنگی لاکر ڈبل ٹیکسیشن کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا ہے اس موقع پر سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹوکمیٹی اراکین بھی موجود تھے۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ وفاقی و صوبائی ٹیکسوں میں ہم آہنگی لاکر اس مسئلے سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے معیشت میں نمایاں کردار رکھنے والی بڑی سروسز انڈسٹریز پر ٹیکسوں کی شرح رعایتی ہونی چاہیے، اس سے انہیں مقامی و بین الاقوامی سطح پر نشوونما کا موقع ملے اور حکومت کے محاصل بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی ٹیکسوں میں ہم آہنگی بہت ضروری ہے تاکہ دوہرے ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔