پی سی بی ون ڈے کپ 7 واں مرحلہ مکمل یوبی ایل کی ایک اور فتح
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری محکمہ جاتی ون ڈے ٹورنامنٹ کا ساتواں راونڈ مکمل ہو گیا۔ سمیع اسلم، کامران اکمل اور اسد شفیق نے اپنی ٹیموں کی جانب سے سنچریاں سکور کیں۔ نیاز سٹیڈیم حیدر آباد میں کھیلے جانے والے میچ میں پی ٹی وی نے تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 194 رنز سکور کیے۔ نہال منصور نے 40، سعود شکیل نے 30 رنز بنائے۔ کاشف بھٹی نے چار، احمد جمال اور فواد عالم نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے سمیع اسلم کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ہدف صرف دو وکٹوں پر پورا کر لیا۔ سمیع اسلم نے 103 ناٹ آوٹ ، عمر امین نے 65 نمایاں رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے کامیاب کرایا۔ این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں نیشنل بنک اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں واپڈا ٹیم نے کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت نیشنل بنک کو چھ وکٹوں سے ہرایا۔نیشنل بنک نے تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 218 رنز بنائے۔ رمیز راجہ نے 59، کامران غلام نے 42 نمایاں رنز بنائے۔ واپڈا کے منصور امجد نے چار اور خالد عثمان نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ واپڈا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ کامران اکمل نے 115، سلمان بٹ نے 44 اور منصور امجد نے 40 ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ بلال آصف نے دو جبکہ رضا حسن نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ سٹیٹ بنک گراونڈ میں یو بی ایل نے کے آر ایل کو 112 رنز سے ہرایا۔ یو بی ایل نے 8 وکٹوں پر 286 رنز بنائے جس میں شان مسعود نے 86، عمیر خان نے 65 اور اکبرالرحمان نے 64 نمایاں رنز بنائے۔ کے آر ایل کی جانب سے صدف حسین نے چار اور احمد بشیر نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کے آر ایل 174 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سیف بدر نے 34، سردار حسن رضا نے 32 رنز سکور کیے۔ میر حمزہ نے تین، محمد اصغر اور عاشق علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ یو بی ایل گراونڈ کراچی میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن نے حبیب بنک کو چار رنز سے ہرا دیا۔ اس میچ میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 290 رنز سکور کیے جس میں اسد شفیق نے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، حسین طلعت نے 58 اور خرم شہزاد نے 53 رنز بنائے۔ جواب میں ایچ بی ایل ٹیم 286 کے سکور پر آوٹ ہو گئی۔ سلمان آفریدی نے 93، زوہیب احمد نے 39 اور احمد شہزاد نے 36 رنز سکور کیے۔ محمد عمران نے تین اور عمران خالد نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔