کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 44 فیصد اضافہ تعداد 83 ہزار تجاوز کرگئی
کراچی (کامرس رپورٹر) مالی سال 2017-18 کے پہلے چھ ماہ کے دوران سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں چوالیس فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ یکم جولائی تا اکتیس دسمبر تک ایس ای سی پی میں کل چار ہزار نو سو چون (4954) کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جو کہ گزشتہ برس اسی مدت کے مقابلہ میں چوالیس فیصد زائد ہیں۔ ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 83,879 ہو گئی ہے۔ملک میں معیشت کے مستحکم ہونے اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیابی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافے کا باعث ہیں۔ ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لئے کی گئی اصلاحات اور رجسٹریشن کی فیسوں میں نمایاں کمپنی نے رجسٹریشن کے رجحان میں اضافہ کیا ہے۔ رجسٹریشن حاصل کرنے والی بیاسی فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں جبکہ سولہ فیصد کمپنیاں سنگل ممبر کمپنیاں اور دو فیصد کمپنیوں نے بطور پبلک لسٹڈ، غیر منافع بخش اور ٹریڈ آرگنائزیشن اور غیر ملکی کمپنیاں شامل ہیں۔ اس چھ ماہ کے دوران سب سے زیادہ رجسٹریشن ٹریڈنگ کے شعبے میں ہوئی۔ ٹریڈنگ کے شعبے میں رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں کی تعداد 783 رہی۔ خدمات کے شعبے میں 729 کمپنیوں رجسٹر ہوئیں، تعمیرات کے شعبے میں 625 کمپنیاں، انفرمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 599، سیاحت میں 274، فوڈ اینڈ مشروبات میں 164، انجینئرنگ میں 155، تعلیم میں 148، کارپوریٹ ایگریکلچرل میں 126، رئیل اسٹیٹ میں 106 و دیگر شعبوں میں رجسٹریشن حاصل کی۔ رواں مالی سال میں یکم جولائی سے اکتیس دسمبر تک 35 غیر ملکی کمپنیاں بھی رجسٹر ہوئیں۔ اس عرصہ کے دوران سب سے زیادہ یعنی 1714 کمپنیاں اسلام آباد میں رجسٹر ہوئیں جبکہ لاہور میں 1442 اور کراچی میں 987 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔