ساڑھے چار سال تحریکوں کا ہی سامنا کیا، اب معمول کی بات ہے، نواز شریف
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان کی شادی کے سوال پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا لیکن وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی شادیوں کے بارے میں صحافی کا سوال کو گول کر گئے،انہوں نے کمرہ عدالت میں سینیٹر پرویز رشید اور ڈاکٹر آصف کرمانی سے مشاور ت بھی کی،منگل کواحتساب عدالت میں نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے بھی مختصر گفتگو کی۔ انہوں نے کہاکہ پہلے صحافی قریب آ جائیں صحافیوں کے قریب آنے پرسابق وزیراعظم نے سوال کیاکہ کیا آپ کو کیسز کی سمجھ آرہی ہے؟ صحافیوں نے فوری طور پر جواب دیا کہ گواہوں کے بیانات قلمبند ہورہے ہیں، زیادہ تر جو گواہوں کا جواب یہی ہے کہ ہم نے دستاویزات خود تیار نہیں کیں، صحافیوں کا مزید کہنا تھا کہ گواہوں کا کہنا ہے کہ دستاویزات میں کوئی بے ضابطگی نہیں کی گئی،جس پر نواز شریف نے سوال اٹھایا کہ لیکن یہ باتیں میڈیا اور اخبارات میں پر کیوں نہیں آتیں ؟؟ گواہ تو کہہ رہے ہیں لیکن یہ شائع نہیں ہو رہا۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر میرے خلاف کیس میں کچھ نظر نہیں آرہا تو یہ میڈیا پر آنا چاہیے۔جب صحافیوں نے میاں نواز شریف سے سوال کیا کہ کیا آپ 17تاریخ سے نئی تحریک کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں؟ توسابق وزیر اعظم نے کہا کہ ساڑھے چار سالوں سے تحریکوں کو ہی سامنا ہے ، تحریکوں کا سامنا کرنا تو اب معمول کی بات ہوگئی ہے۔ایک صحافی نے کمرہ عدالت میں میاں نواز شریف سے جب عمران خان کی شادی بارے پوچھا تو مسکرا کر خاموش ہو گئے،عدالت میں پیشی کے بعد جب نواز شریف نے عدالت سے باہر اپنی میڈیا سے گفتگو میں عمران خان پر ان کی شادی کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا توایک صحافی نے نواز شریف سے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی شادیوں بارے سوال کر ڈالا جس پر لیکن نواز شریف نے اس کا کوئی جواب نہیں دیااور اس سوال کو گول کر گئے۔ وزیر مملکت محسن شاہنواز رانجھا نے پنجابی میں کہا کہ ” ملک وچ اگ لگی ہوئی اے عمران خان دے نکاح ہی نہیں مک رئے“۔ نواز شریف 12ویں، مریم نواز13ویںجبکہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر15ویںمرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ تینوں نیب ریفرنسز میں اب تک 14گواہان بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں،واضح رہے کہ ابھی تک فلیگ شپ انوسٹمنٹ کی19، ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی19جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی23سماعتیں ہوچکی ہیں۔