وزیراعظم سے چین کے سفیر اور نائیجیریا کے ہائی کمشنر کی ملاقاتیں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چین کے سفیر اور نائجیریا کے ہائی کمشنر نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ چینی سفیر سے ملاقات میں وزیراعظم نے ان کے اسلام آباد میں تعیناتی کی مبارک باد دی اور عزم ظاہر کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون پر مبنی سٹریٹجک پارٹنرشپ میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ نئے چینی سفیر سی پیک پر عملدرآمد میں تیزی لانے کے لئے کوشاں ہوں گے۔ نائیجیریا کے ہائی کمشنر کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نائجیریا کو صحت‘ انفراسٹرکچر‘ تعلیم اور دوسرے شعبوں میں تعاون فراہم کر سکتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے مشترکہ وزارتی کمشن کے اجلاس کے جلد انعقاد پر زور دیا۔