دھمکیا ں دینے والے سن لیں مقدس مٹی کا دفاع کرنا جانتے ہیں،مولانا امیرزمان
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ)وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز مولانا امیرزمان بخاری نے کہا ہے کہ پاکستا ن کو دھمکیا ں دینے والے سن لیں اپنی مقدس مٹی کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔اگر آزمائش کا وقت آیا توپگڑی اور داڑھی والے صف اول کا کردار ادا کریں گے فوج اور عوام تجربہ کار ہیںاب آقا اور غلام والی بات نہیں چلے گی۔پاکستان پوسٹ جلد ترقی کی منازل طے کرے گاوہ یہاں جی پی او میںپوسٹمینوں میں سرکاری موٹر سائیکل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اورصحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹر جنرل روبینہ طیب ،پوسٹماسٹرجنرل رانا محمد اخلاق، ڈپٹی پوسٹماسٹرجنرل سمیع اللہ خان،چیف پوسٹماسٹرنجیب الرحمٰن اور دیگر افسران اور عملے نے شرکت کی پوسٹماسٹرجنرل رانا محمد اخلاق نے خطاب میں کہا کہ اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے سروسز کا معیارمزید بہتر بنانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیںتا کہ عوام کی امانتیں بروقت اور بحفاظت پہنچائی جا سکیںاپنا معیار دیگر کوریئر کمپنیوں کے ہم پلہ بنانے کیلئے پر عزم ہیںڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ روبینہ طیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی میںحکومتوں کو پاکستان پوسٹ کی مشکلات کا علم اور ادراک نہ تھا ۔ادارے کو اپنی بات حکومت تک پہنچانا ایک بڑا مسئلہ تھا لیکن علیحدہ وزارت بننے کا یہ فائدہ ہوا ہے کہ پندرہ دنوں میں آج وزیر اعظم سے دوسری ملاقات شیڈول ہے جو امید کی کرن ہے اب تمام معاملات کو حکومت کے سامنے رکھیں گے وفاقی وزیر مولانا امیرزمان بخاری نے کہاکہ پاکستان پوسٹ کے خسارے میں ہونے کی بات سے متفق نہیں کیونکہ دوسرے پیداواری اداروں کے ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن حکومت کے خزانے سے جاتی ہے لیکن پاکستان پوسٹ کے بجٹ 80فیصداس پر خرچ ہو جاتا ہے جبکہ بقیہ 20فیصدمعمولی بجٹ سے ادارے کے معاملات چلانا مشکل ہے وسائل کی کمی ہے لیکن ملازمین کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر مسائل حل اور ریفارم ایجنڈے پر عملدرآمد کر لیں گے ملازمین ڈاک ملک کے سخت سردترین اور گرم ترین مقامات پر انتہائی جانفشانی سے خدمات انجام دیتے ہیں اگر اسی محنت سے کام کیا گیا تو ادارے کو صف اول پر لا سکتے ہیںوفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ستر سال خدمت کی اور آئندہ بھی کریں گے مولانا امیر زمان نے آخر میں 35 پوسٹمینوں میں موٹر سائیکل تقسیم کئے۔