لاپتہ افراد کیس، سپریم کورٹ نے کمشن سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان میں لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے کمیشن سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت تین ہفتوں کے لیئے ملتوی کردی ہے۔دوران سماعت جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ لاپتہ افراد سے متعلق کمیشن تمام کیسیز کا جائزہ لے،کمیشن کی جانب سے بہتر نتائج نہ آنے پر عدالت نوٹس لے گی ،عدالت لاپتہ افراد کے معاملے پر دروازہ کھلا رکھے گی۔جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے لاپتہ افراد ثقلین مہدی، مدثر اقبال ، نوید الرحمن، آمنہ جنجوعہ، عبدالرحمن، گل محیط خان وغیرہ کیس کی سماعت کی تو لاپتہ افراد کمیشن کے رجسٹرار کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ 4608 کیسوں میں سے 3076 کیس نمٹائے گئے، کمیش میںلاپتہ افراد سے متعلق 1533 کیسیز زیر التوا ہیں،ان کا کہنا تھا کہ مدثر اقبال ، گل موحیط خان ، نوید الرحمان اور عبد الرحمن کے پروڈکشن آرڈر جاری ہو چکے ہیں ، جبکہ مسعود جنجوعہ اور احمد فراز سے متعلق وفاق کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی، بعدازاں عدالت کمیشن سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت تین ہفتوں تک ملتوی کردی گئی ہے۔
پیشرفت رپورٹ