نیب نے کیپٹن(ر)صفدر کیخلاف تحقیقات شروع کر دیں
اسلام آباد(نامہ نگار)نیب خیبر پختونخوا نے مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنما کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف کرپشن اور خورد برد کی ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔کیپٹن (ر)صفدر پر این اے 21مانسہرہ میں ترقیاتی اسکیموں میں کرپشن کا الزام ہے۔نیب کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر ترقیاتی اسکیموں میں 2ارب روپے خورد برد کرنے کے الزامات ہیں۔ذرائع کے مطابق کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب خیبرپختونخوا کو کرپشن شکایات کی تحقیقات کی اجازت دی تھی جس کے بعد نیب خیبرپختونخوا نے ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر)صفدر کے خلاف کرپشن کی ابتدائی تحقیقات شروع کردی ہیں۔یاد رہے کہ 3جنوری کو چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف 3ارب کے ٹھیکوں میں خورد برد کے الزام کی درخواست پر کارروائی کیلئے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کو تحقیقات کیلئے حکم دیا تھا۔چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف 3ارب روپے کے ٹھیکے اپنے من پسند ٹھیکیداروں کو قانون اور قواعد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دینے اور بعد ازاں 3ارب روپے کے ٹھیکوں میں مبینہ طور پر ارب روپے جعلی اسکیموں کے ذریعے خوربرد کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے درخواست کی مکمل جانچ پڑتال کا نیب خیبر پختونخوا کا حکم دیا تھا۔چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب خیبر پختونخوا کو ہدایت کی تھی کہ درخواست کی جانچ پڑتال شفاف، میرٹ اور قانون کے تقاضوں کو مد نظررکھتے ہوئے مکمل کی جائے تاکہ مبینہ رقوم کی خورد برد کے تمام ذمہ داروں سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کر وائی جائے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
کیپٹن صفدر / تحقیقات