قومی وصوبائی اسمبلیوں کی میعاد مئی میں ختم ہوگی:محفوظ النبی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) انتخابی ادارہ معیاد کار سے ماورا انتخابی عمل میں شرکت کا مجاز نہیں ۔ 2013کے عام انتخابات کے ذریعے تشکیل شدہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی معیاد امسال مئی کے آخر میں ختم ہوگی لہٰذا مئی 2018کے بعد جاری رہنے والے سینیٹ کے اراکین کے انتخاب کا ان اسمبلیوں کو منطق و اخلاقی جواز حاصل نہیں ۔ ان تاثرات کا اظہار رابطہ فکر فردا کی تجزیاتی نشست میں تھنگ ٹینک کے کنونیئر محفوظ النبی خان نے کیا ہے ۔ نشست میں قاری محمد ادریس خان ، ڈاکٹر ذوالفقار حیدر ، محمد صدیق بلوچ ایڈووکیٹ، مسعود عالم و دیگر نے بھی شرکت کی۔ محفوظ النبی خان نے کہا کہ 1973کے موجودہ آئین کا عجیب الخلقت کارنامہ یہ ہے کہ اس کے ذریعے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے متعین عوامی مینڈیٹ کو ایوان بالا کے انتخابی عمل میں اُن کی معیاد سے اضافی اختیار دیا گیا ہے جو قطعاً غیر منطقی و غیر اخلاقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امسال مارچ کے مہینہ میں اراکین سینٹ کے انتخابی شیڈول پر عملدرآمد کے ذریعے موجودہ قومی و صوبائی اسمبلیاں محض اپنے عوامی مینڈیٹ کی معیادِ کار کی حد تک سینیٹ کے چنائو کے عمل میں حصہ لے سکتی ہیں ۔