انڈس انسٹی ٹیوٹ کے طلباء کا دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا
اسلام آباد(نا مہ نگار)انڈس انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ ڈیرہ غازی خان کی جعلی ڈگریوں کے اجرا کے معاملے پر طلباء نے نیشنل پریس کلب کے سامنے دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا،طلبانے مطالبہ کیا کہ جعل سازی کے ذریعے ہمارے مستقبل سے کھیلا جارہا ہے چیف جسٹس آف پاکستان اس کا از خود نوٹس لیں اور چیئرمین نیب معاملے کی تحقیقات کریں،طلباء نے کہا کہ گورنر پنجاب نے طلبا میں ڈگریاں تقسیم کیںجو جعلی ثابت ہوئیں،ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اب صوبائی ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا ہے۔طلبا نے کہا کہ انصاف نہ ملا تو طلبا دھرنا دینے پر مجبور ہونگے۔طلباء کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدالکریم کے نجی ادارے نے سینکڑوں بچوں کو جعلی ڈگریاں جاری کیں ہیں،چیف جسٹس آف پاکستان اس سیکنڈل میں طلبہ کیساتھ ہونیوالی زیادتی کا از خود نوٹس لیں ۔تعلیم پر سیاست کا سلسلہ بند کیا جائے اور چیئرمین نیب معاملے کی تحقیقات کروائئیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ وفاقی وزیر نے طلبہ کی آواز دبانے کیلئے ہمارے خلاف مقدمات درج کروائے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ طلبا کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو سزا دی جائے ۔اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم مستقل بنیادوں پر پریس کلب کے سامنے دھرناجاری رکھیں گے۔