ایک لاکھ 10 ہزار اسامیوں پر کوئی سعودی ملازم نہیں،رپورٹ
ریاض (اے پی پی) سعودی عرب میںدفتری مشاورت پیش کرنے والی سٹریٹیجک کمپنی نے رپورٹ پیش کرکے واضح کیا ہے کہ 2017ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران 110 ہزار اسامیاں ایسی ریکارڈ پر آئی ہیں جن پر کوئی سعودی ملازم نہیں جبکہ سال مذکور کے دوران ایک لاکھ 28 ہزار سے زیادہ غیر ملکی مملکت کو خیرباد کہہ گئے اور ان کی جگہ صرف 18 ہزار سعودیوں نے روزگار حاصل کیا۔سعودی اخبار کے مطابق رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ غیرملکی نجی اداروں کو کثیر تعداد میں چھوڑ رہے ہیں لیکن اس تناسب سے خالی ہونے والی ملازمتیں پوری کرنے کیلئے سعودی شہری آگے نہیں بڑھ رہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مدینہ منورہ، باحہ اور الجوف میں بیروزگاری 6.6 فیصد ہے جبکہ نجران اور عسیر میں بیروزگاری کی شرح 9 فیصد کے قریب ہے۔