28 مریضوں میں انفلوئنزا وائرس کی تصدیق
کراچی(ہیلتھ رپورٹر) کراچی میں انفلوئنزا وائرس ایچ ون این ون (H1N1) کی تصدیق کردی گئی جب کہ مختلف علاقوں سے نجی اسپتال میں داخل28مریضوں میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر عزیز طاہر نے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں فلو وائرس کی تصدیق ہوئی، تمام متاثرہ افراد میں وائرس کی تصدیق آغا خان اسپتال نے کی، انھوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ایسٹ ڈاکٹر مسعود سولنگی نے ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی کو رپورٹ پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں فلو وائرس پھیل رہا ہے۔علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق انفلوئنزا وائرس کا کوئی بھی کیس کسی سرکاری اسپتال میں رپورٹ نہیں ہوا جبکہ وائرس سے عوام کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، یہ عام نزلہ زکام سے ملتا جلتا وائرس ہوتا ہے اور اس سے احتیاط کی ضرورت ہے،چھینکتے اور کھانستے وقت ناک اور منہ سے خارج ہونے والی رطوبت دوسروں کو نہ لگے، نزلہ ، زکام اور بخار کی دوائیں استعمال کی جائیں، اس وائرس کا اثر 5سے 7دن میں ختم ہو جاتا ہے۔دوسری جانب ذرائع محکمہ صحت سندھ کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے آئیسولیشن وارڈ قائم کر دیے جائیں گے،انفلواینزا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج بھی کیا جائیگا۔