کراچی چڑیا گھر میں12 سالہ بیمار شیر ہلاک
کراچی(اسٹاف رپورٹر) چڑیا گھر میں بیمار شیر مرگیا جس کی عمر12 سال ہے۔ شیر کو سرکس کے مالک نے حوالے کیا تھا۔ شیر نے دسمبر سے کھانا نہیں کھارہا تھا۔میئر کراچی وسیم اختر نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے چڑیا گھر میں شیر کے مرنے کی اطلاع پر متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں مکمل تفصیلات سے فوری آگاہ کیا جائے، چڑیا گھر میں رکھے گئے جانوروں اور پرندوں کی صحت، غذا کی فراہمی اور علاج معالجے کے سلسلے میں کوئی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کریں گے، اگر کوئی افسر یا اہلکار اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کراچی چڑیا گھر کے ذرائع کے مطابق مرنے والے شیر کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد نمونے کے لئے مقامی لیبارٹری کو بھیج دیئے گئے ہیں اورکیمیائی تجزیے کی حتمی رپورٹ پندرہ سے بیس دن میں موصول ہوگی، ڈائریکٹر چڑیا گھر کے مطابق 19 اکتوبر 2017ء کو سندھ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ اور اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال نے سرکس کے لئے لائے گئے ضبط شدہ دو عدد شیر کراچی چڑیا گھر منتقل کئے تھے۔