حضرت پیرسید شاہ مردان شاہ پیر پگارا
مکرمی! پیر پگارا 22 نومبر 1928 کو پیر جوگوتھ ضلع میرپور میں پیدا ہوئے، آپ کے والد پیر سید صبغت اللہ راشدی حروں کے روحانی پیشوا ہونے کے ساتھ استعماری قوتوں کے خلاف چلنے والی تحریکوں میں مضبوط آواز تھے۔ پیر سید مردان شاہ ایک الگ اور منفرد شخصیت کے حامل جنگجو تھے۔ اللہ کریم نے ان کو بہت سی خوبیوں سے نوازا تھا۔ پیر صاحب پگارا نے 1952 میں قیادت سنبھالی۔ اس سے پہلے انگریزوں نے پیر صاحب کو پھانسی دے دی تھی اور دونوں صاحبزادوں کو وطن بدر کر کے انگلینڈ بھیج دیا تھا۔ قیام پاکستان کے بعد جناب لیاقت علی خان دونوں صاحبزادوں کو واپس لائے اور ان کی گدی بحال کی اور حروں کے خلاف جاری کاروائیاں بند کرائیں۔پیر صاحب نے 1956 کے بعد پاکستانی سیاست میں کردار شروع کیا، 1965 کی جنگ میں پیر صاحب کا کردار بہت نمایاں تھا۔ جب ان کے حروں کی خدمات پاکستان آرمی نے مانگی تو پیر صاحب کے حکم پر ایک لاکھ کے قریب حروں نے مشرقی سرحدوں کی حفاظت کی اور اسی طرح 71 کی جنگ میں بھی انھوں نے اپنی خدمات دیں۔ پیر صاحب نے ہمیشہ پاکستان اور پاکستانیت کی بات کی ۔پیر صاحب پاکستانی فوج کو قومی سلامتی کی ضمانت سمجھتے تھے۔ پیر صاحب اپنی پیش گوئیوں اور اپنے طرز سیاست سے الگ مقام رکھتے تھے اور وقت کے حکمران ان کے حاضری کو سعادت سمجھتے تھے۔(محمد صدیق مراد فقیر،اسلام آباد 0346-8447465)