لاہور (اپنے نمائندے سے) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے محکمہ صحت کو 300بستروں کا ہسپتال تعمیر کرنے کے لئے ماچس فیکٹری جی ٹی روڈ شاہدرہ کی 50کنال 14مرلے اور 100بستروں کے ہسپتال کے لئے سوک سنٹر قائداعظم ٹاون میں دو ایکڑ آٹھ کنال اراضی الاٹ کر دی ہے۔ ایل ڈی اے سے منظور شدہ پرائیویٹ ہاوسنگ سکیموں میں الاٹیوں کی سہولت کے لئے ترقیاتی کاموں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنانے کی خاطر ایل ڈی اے میں خصوصی ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جائے گا۔ مون مارکیٹ علامہ اقبال ٹاون میں نو کنال اراضی پر 10منزلہ کمرشل و کار پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے لئے درکار 60کروڑ روپے کے فنڈ اپنے وسائل سے مہیا کرنے کے لئے یہاں زیرتعمیر 67دکانیں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تین کروڑ 72لاکھ روپے کی لاگت سے مولانا شوکت علی روڈ پر جناح ہسپتال کے سامنے پیدل سڑک پار کرنے والوں کے لئے اوور ہیڈ برج تعمیر کیا جائے گا۔ یہ فیصلے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں کئے گئے جو گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر و چیئرمین ایل ڈی اے احد خاں چیمہ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے عبدالجبار شاہین، منیجنگ ڈائریکٹر واسا ڈاکٹر جاوید اقبال، چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن، چیف میٹرو پولیٹن پلانر وسیم احمد خاں، چیف ٹاون پلانر چودھری محمد اکرم، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور صوبائی محکمہ ہاوسنگ، منصوبہ بندی، بلدیات اور خزانہ کے نمائندوں اور ضلع لاہور کے نو ٹاونز کے ایڈمنسٹریٹرز نے شرکت کی۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38