خیبر ایجنسی، تحصیل جمرود میں مسافر وین میں دھماکہ، بائیس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ جمرود بازار کے قریب بس اڈے پرکھڑی وین میں ہوا جس کے نتیجے میں بائیس افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں اور جاں بحق اور زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اسکے نتیجے میں قریبی عمارتوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔سکیورٹی اہلکاروں نے واقعہ کے بعد علاقے کا محاصرہ کرلیا تاہم ابھی تک کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی کسی تنظیم کی جانب سے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔