اپنے فوجی مروا کر تنگ آ گئے‘ پاکستان اور افغانستان میں حکمت عملی بدلنا ہوگی : مائیک مولن
نیوپورٹ (آن لائن) امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں روزانہ کی بنیادوں پر اپنے فوجی مروا کر تنگ آ چکا ہے اس لئے اسے پاکستان اور افغانستان میں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا ہو گی۔ صومالیہ اور یمن میں فوج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ نیو پورٹ میں نیول وار کالج سے خطاب کرتے ہوئے مولن نے کہا کہ یمن خودمختار ملک ہے‘ وہ واضح کر چکا ہے کہ اسے امریکی زمینی فوج کی مدد کی ضرورت نہیں‘ امریکہ بھی یمن میں فوج بھیجنے کا منصوبہ نہیں رکھتا۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یمن القاعدہ کی نئی محفوظ پناہ گاہ بنتا جا رہا ہے‘ دہشت گردی سے نمٹنے کےلئے امریکہ یمن کے ساتھ اضافی سفارتی ذرائع سے مل کر کام کرتا رہے گا۔ یمن کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔ امریکہ کو افغانستان اور پاکستان کے شمالی علاقوں میں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا ہو گی کیونکہ اسی سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان میں صورتحال واقعی خراب ہے جسے درست کرنے کےلئے ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو وہاں کے عوام کی زبان اور ثقافت سے واقف ہوں اور ہمیں اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا۔