پی ٹی آئی اور ق لیگ کا معاملات اتفاق رائے سے بڑھانے کا فیصلہ،جلد کابینہ میں ق لیگ کے مزید ارکان شامل ہوں گے: نعیم الحق
وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی میں بہتری کے لیے سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کو تیار ہیں۔
مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے شکایت آرہی ہیں کہ نیب چھوٹی چھوٹی باتوں پر تنگ کر رہا ہے، نیب کی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت ہے۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر چودھری شجاعت سے ملنے آیا ہوں، انہوں نے ہدایت کی کہ ملاقات کر کے بتایا جائے کہ ق لیگ سے اختلاف نہیں، ق لیگ اور پی ٹی آئی میں ایسے اختلافات نہیں کہ شور مچایا جائے، (ق) لیگ اور تحریک انصاف میں کوئی اختلافات نہیں، ہمارا اتحاد مزید مضبوط ہوگا۔ن کا کہنا تھا کہ حلیف بن کر تبدیلی لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ق لیگ سے اتحاد کے حوالے سے افواہیں پھیلائی گئیں، کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ہمارا اتحاد مضبوط ہو۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی اسپیکر کی حیثیت سے اہم کردار ادا کررہے ہیں، بہت جلد صوبائی اور وفاقی کابینہ میں (ق) لیگ کے مزید ارکان شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں (ق) لیگ کے دو وزراء کام کررہے ہیں، اپوزیشن کی کوشش ہے کہ رکاوٹیں ڈالیں تاکہ حکومت کامیاب نہ ہو۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے، اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے صدر کا کہنا تھا ہم نے متحد ہو کر چلنے کا عہد کیا ہے۔
اس موقع پر مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت نے کہا کہ کسی سازش کا ساتھ نہیں دیں گے، افواہیں پھیلانے والوں کام صرف افواہیں پھیلانا ہے، عمران خان وقت کی ضرورت ہیں، جتنا ہمارا حق تھا، انہوں نے ہمیں دے دیا، ہم نے پی ٹی آئی کے ساتھ اکٹھے چلنے کا عہد کر رکھا ہے۔ ق لیگ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، دونوں رہنماؤں نے اختلافات کی تردید بھی کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق اور ق لیگ کی قیادت میں اتحادی حکومت کے معاملات کو اتفاق رائے سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں یقین دہانی کرائی گئی کہ پنجاب کے بعد مرکز میں شراکت اقتدار کے معاہدے پر عمل درامد ہوگا۔ پنجاب میں شراکت اقتدار کے تحت مسلم لیگ ق کو اس کا طے شدہ شیئر مل چکا ہے، مرکز میں مسلم لیگ ق کے ساتھ وعدے پورے ہوں گے
x