الحدیث یوتھ فورس استحکام پاکستان کیلئے کوشاں ہے‘حافظ فیصل شیخ
کراچی (نیو ز رپو رٹر ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی ذیلی تنظیم اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے صدر حافظ فیصل افضل شیخ نے کہا ہے کہ نوجوان خود کو تعمیری اور مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھیں ، اپنے اندر صالحیت کے اوصاف پیدا کریں ۔ نوجوانی میں کی گئی عبادات کے لئے اللہ تعالیٰ نے خاص اجر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اہل حدیث یوتھ فورس کو جوائن کریں یہ تنظیم علماء کی سرپرستی میں اسلام کے فروغ اور پاکستان کے استحکام کے لئے کام کر رہی ہے ۔ وہ گذشتہ روز مرکز ادارہ فروغ قرآن و سنت ناظم آباد میں اہل حدیث یوتھ فورس کی ممبر سازی مہم کے سلسلے میں ’’ کراچی یوتھ کنونشن ‘‘ سے خطاب کر رہے تھے ۔ کنونشن سے چوہدری خالد محمود ادریس ، محمد اشرف قریشی ، مولانا عبد الوھاب سیٹھار ، مولانا نعمان اصغر ، شیخ محب اللہ ، مولانا اسحاق نذیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ فیصل افضل شیخ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو خود اہلیان کشمیر کی خواہشات کے مطابق حل کرنا چاہئے ، بھارتی مظالم پر عالمی طاقتوں کی فوری ایکشن لینا چاہئے انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کی خاموشی بھی کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی حوصلہ افزائی ہے ، حق خود داریت کشمیری حق ہے جو انھیں ملنا چاہئے ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اہل حدیث یوتھ فورس سندھ کے صدر خالد محمود ادریس نے کہا کہ سندھ میں سیاسی جماعتوں نے نوجوانوں کو لا دینیت اور بے مقصدیت کی طرف دھکیل دیا ہے جس کا خمیازہ اسٹریٹ کرائمز اور متشددانہ رویوں کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے ۔اس موقع پر اہل حدیث یوتھ فورس سندھ کراچی کے ذمہ داروں سمیت کنونشن میں شریک نوجوانوں نے اہل حدیث یوتھ فورس کی ممبر سازی مہم میں حصہ لیتے ہوئے اپنے اپنے فارم بھر کے جمع کرائے ۔