وائس چانسلر کی زیر صدارت کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا 46واں سنڈیکیٹ کا اجلاس
لاہور (نیوز رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں 46واں سنڈیکیٹ کا اجلاس ہوا۔ صدارت وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کی۔ اجلاس میں سینئر ممبر پبلک سروس کمشن امتیاز احمد خان، پارلیمانی سیکرٹری ایم پی اے نذیر احمد چوہان، پارلیمانی سیکرٹری ایم پی اے عمر آفتاب، ایم پی اے سیدہ زہرہ نقوی، ایم پی اے صداقہ صاحبداد خان، نمائندہ ایچ ای سی پروفیسر کامران خالد چیمہ، وائس چانسلر یو ای ٹی اور صحت اور فنانس کے نمائندگان سمیت ڈینز اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے منسلک تمام ہسپتالوں کے ایم ایس نے شرکت کی۔ وائس چانسلر نے اجلاس کے شرکا کو یونیورسٹی کے شاندار تاریخی پس منظر سے آگاہ کیا اور یونیورسٹی میں جاری اور حالیہ تکمیل شدہ منصوبہ جات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں فنانس اکیڈمک اور ریسرچ کے معاملات کی منظوری دی گئی اور مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ نیو کیمپس مریدکے نارووال روڈ کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری نذیر احمد چوہان کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر اور ان کی ٹیم صحت کے شعبے میں خدمات کو سراہتا ہوں۔ پروفیسر ابرار اکبر سمیت ساری ٹیم کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں میں وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم سے گزارش کروں گا کہ کے ای ایم یو سے ہرممکن تعاون جاری رکھا جائے۔ پارلیمانی سیکرٹری عمر آفتاب کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ سرجیکل ٹاور جیسا مثالی منصوبہ کے ای ایم یو نیو کیمپس مریدکے میںبھی بنایا جائے۔ وائس چانسلر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایات پر ہم نے کے ای ایم یو سے منسلک 7 ہسپتالوں کی ہدایات جاری کر دی ہیں جن کے مطابق ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔