سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی کا الخدمت فائونڈیشن کے مرکزی دفاتر کا دورہ
لاہور ( سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے الخدمت فائونڈیشن کے مرکزی دفاتر کا وزٹ کیا ۔ کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں سے معززین کے اعزاز میں ظہرانہ کے موقع پر صدر الخدمت فائونڈیشن عبدالشکور نے بریفنگ میں آگاہ کیا کہ شامی اور روہنگیا مہاجرین بڑی ابتر حالت میں ہیں ۔ موسمی شدت نے مہاجرین کے مسائل و مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیاہے ۔ الخدمت نے گزشتہ چھ ماہ میں 150 یتیم بچوں کی کفالت 250 شامی بچوں کی کفالت اور تعلیمی اخراجات ، متاثرین میں راشن پیک ، متاثرہ خاندانوں میں ونٹر پیکیج کی تقسیم کی خدمات انجام دی ہیں ۔شامی اور روہنگیا مہاجرین کی مدد کے لیے ترکی ، انڈونیشیا ، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی رفاہی تنظیموں کے تعاون سے سرگرمیاں جاری ہیں ۔ گزشتہ عید الفطر ، ماہ رمضان اور عید الاضحی کے موقع پر بھی مہاجرین کیمپوں میں اشیائے ضروریات مہیا کی گئیں ۔ مجموعی طور پر 34 کروڑ روپے کے امدادی کام کیے گئے ہیں۔لیاقت بلوچ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی اور علاقائی بحرانوں کی وجہ سے لاکھوں انسان متاثر ہیں ۔ خواتین اور معصوم بچوں کی زندگیاں المناک صورتحال سے گزررہی ہیں ۔ مخیر حضرات اور رفاہی اداروں کا تعاون بہت بڑی نعمت ہے ۔ الخدمت فائونڈیشن کی خدمات قابل قدر ہیں ۔