مدینہ طرز کی ریاست ہر پاکستانی کا خواب ہے: طاہر محمود اشرفی
لاہور ( سپیشل رپورٹر)ریاست مدینہ کی طرز کی ریاست ہر پاکستانی اور مسلمان کا خواب ہے ، ریاست مدینہ کا نام لے کر مذاق اڑانے والے دراصل ظالمانہ ، جابرانہ نظام مسلط رکھنا چاہتے ہیں ، حکومت کے غلط کاموں پر تنقید اور اچھے کاموں کی تعریف کریں گے ، سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان بہت ساری خوشخبریاں لا رہا ہے ، پاک سعودی عرب تعلقات دو قوموں کے تعلقات ہیں جن کو کمزور کرنے کی سازشیں کی گئیں، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں پاکستان علماء کونسل کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا نائب خان ، قاری ممتاز ربانی ، مولانا محمد اشفاق پتافی ،مولانا عبد الصبور ، مولانا عبدالقیوم فاروقی ، مولانا حفیظ الرحمن ، مولانا شہباز احمد موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل خدا کی زمین پر خدا کا نظام چاہتی ہے ، عمران خان اگر پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز کی ریاست بنانا چاہتے ہیںتو پاکستان کی عوام اور علماء ان کے ساتھ ہیں ، حکومت کو غلطیوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور غلطیوں کی اصلاح کرنی چاہیے ،عمران خان سے عوام کی بہت توقعات ہیں ان کو پورا کرنا عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی ذمہ داری ہے۔