حکومت اصلاحات کے ذریعے تبدیلی لانے کیلئے کوشاںہے :جمشید اقبال
لاہور(نیوزرپورٹر)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ سابقہ حکمرانوںنے عوام کو سوائے کسمپرسی کے کچھ نہیں دیا ،اب ملک میں حقیقی جمہوریت فروغ پائے گی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پرحل ہوں گے،حکومت اصلاحات کے ذریعے تبدیلی لانے کیلئے کوشاںہے صحت اور پولیس سمیت دیگر شعبوں میں بہتری کیلئے خیبر پی کے کے کامیاب ماڈل کو اپنایا جائے گا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات کی وجہ سے مختلف ممالک کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب ہو رہی ہیں جس سے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔ وزیر اعظم عمران خان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں اور مستند قومی اور عالمی ادارے بھی ان کی عملی اور موثر کاوشوںکے معترف ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اپوزیشن واویلا چھوڑ کر پانچ سال انتظار کرے ،جس طرح 100 روز بعد خود کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے مدت پوری ہونے پر عوام کی عدالت میں جائیں گے اور ان کا ہر فیصلہ قبول ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سب سے پہلے عوام کوزندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کرے گی اور اس پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔