وزیراعظم اور ان کی ٹیم ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کرنے کیلئے کام کررہی ہے:زلفی بخاری
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔وہ بریڈفورڈ برطانیہ میں تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام برطانوی پارلیمنٹ کی رکن نازشاہ نے کیا تھا۔زلفی بخاری نے پاکستانی کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اپنے ملک کی ترقی کیلئے اپنی مہارتیں اور وسائل بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے وطن میں سرمایہ کاری کیلئے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ذوالفقار بخاری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو راغب کرنے پر توجہ مرکوز کررکھی ہے اور اس مقصد کیلئے ای ویزوں کا نیا نظام متعارف کررہی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی نے پاکستانی برادری کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیںگے۔