پی آئی اے ملازمین جعلی ڈگری کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)پی آئی اے ملازمین کی جعلی ڈگریوں سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا گیا ، پی آئی اے کی ائیر ہوسٹس ثمینہ قریشی نے نظر ثانی درخواست دائر کر دی ہے جس میں موقف اپنایا گیاہے کہ درخواست گزار کو بی اے کی جعلی ڈگری جمع کرانے پر نوکری سے فارغ کیا گیا،حالانکہ ائیر ہوسٹس کیلیے صرف انٹرمیڈیٹ کی ڈگری لازمی تھی،،عدالت کو بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار نے کبھی بی اے کی ڈگری ظاہر نہیں کی اور نہ ہی کبھی ادارے نے بی اے کی ڈگری مانگی،درخواست میں موقف اپنایاگیا ہے کہ ادارے کی جانب سے جعلی ڈگریاں رکھنے والے ملازمین کی فہرست دی گئی،،ادارے کی فہرست میں درخواست گزار کا نام ہی نہیں ہے،لیکن سپریم کورٹ کے 24 دسمبر کے فیصلے کی بنیاد پر نوکری سے نکال دیا گیا،درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے میں درخواست گزار کا ذکر تک نہیں ہے، جس فیصلے کی بنیاد پر نکالا گیا اس کیس میں درخواست گزار کو سنا ہی نہیں گیا، عدالت سے فیصلے پر نظر ثانی کی استدعاکی گئی ہے۔