جنگلات انسانی بقاء کے لئے انتہائی ضروری ہیں، کمشنر راولپنڈی
راولپنڈی( اپنے سٹاف رپورٹرسے) ’’پلانٹ فار پاکستان ڈے‘‘ کی مناسبت سے کمشنر آفس راولپنڈی میں پی ایچ اے اور راولپنڈی جم خانہ میں فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے خصوصی تقریبات کا آغاز کیا گیا جس میں کمشنر راولپنڈی جودت ایاز، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر، چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود، سی پی او عباس احسن اور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن طارق سلام مروت نے پودے لگائے - اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی جودت ایاز نے کہا کہ جنگلات انسانی بقاء کے لئے انتہائی ضروری ہیں اور موجودہ حالات میں گلوبل وارمنگ کے اثرات کو زائل کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ناگزیر ہے -انہوں نے کہا کہ جنگلات نہ صرف ماحول میں قدرتی پن برقرار رکھتے ہیں بلکہ مختلف آفات کے خطرے کو بھی کم کرتے ہیں- اس سلسلے میں موسم بہار شجرکاری مہم 2019ء کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے تمام سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی مہم کے ذریعے عوام الناس کو بھی شجرکاری کے فوائد بتاتے ہوئے اس مہم میں فعال کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے - چیف کنزرویٹر فاریسٹ اطہر شاہ کھگہ نے اس موقع پر شجرکاری مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ’’پلانٹ فار پاکستان ڈے‘‘ کو منانے کے لئے محکمہ جنگلات کو مخصوص ٹارگٹ دیئے گئے جس میں راولپنڈی ساؤتھ میں کل 50 ہزار اور راولپنڈی نارتھ سرکل میں 48 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے - نیز محکمہ جنگلات پنجاب کی کی جانب سے سے 06 سے 09 فروری تک 24 سیل پوائنٹس پر تقریبا 36 ہزار پودے لوگوں میں تقسیم کئے گئے تاکہ وہ بھی اپنی معاشرتی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے اسے کامیاب بنانے کے لئے اقدامات کریں -