کشمیر میں ہونے والے مظالم پر عالمی خاموشی افسوسناک ہے: طاہر مجید
شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی) مرکزی انجمن تاجراں کی سپریم کونسل کے چیئرمین چوہدری طاہر مجید نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے غیر مسلح اور نہتے ہوتے ہوئے بھی اپنے سے کئی گنا بڑی فوجی طاقت کے عزائم ڈنڈے اور پتھروں سے خاک میں ملا رکھے ہیں کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم پر عالمی برادری کی خاموشی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے اس خاموشی کی ایک ہی وجہ ہے کہ عالم اسلام ایک قوم ہے اور عالم کفر ایک دوسری قوم ہے اور ہر قوم اپنے ہی افراد‘ اقدار اور روایات کا ساتھ دیتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے غلہ منڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انجمن تاجراں کے سرپرست رانا محمد اشرف خان،ملک محمد بوٹا،چوہدری سکندر مجید اور دیگر بھی موجود تھے چوہدری طاہر مجید نے کہا کہ جس طرح آج کفار متحد ہیں اور مسلمانوں کے خلاف کام کر رہے ہیں‘ اسی طرح غلبۂ اسلام کے لیے مسلمانوں کو بھی ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملا کر چلنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کے طفیل مقبوضہ وادی میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔ عالمی برادری کو بھارت کی طرف سے نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔