خطہ میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے: اعظم حسین
جنڈیالہ شیر خان (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے ضلعی رہنما و سابق ناظم سید اعظم حسین شاہ نے کہا ہے کہ کسی بھی ذی روح پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اُٹھانے والی بے شمار انسانی حقوق کی تنظیمیں موجود ہیں مگر انہیں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی افواج کے مظالم کی کوئی فکر نہیں جس سے ان کی انسان دوستی اور حقوق انسانی کی مفاداتی جدوجہد کا پول کھلتا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے اور حکومت میں آکر بھی ہم اسی موقف پر قائم ہیں کشمیر کا مسئلہ جلد سے جلد حل ہونا چاہئے تاکہ خطہ میں پائیدار قیام امن کی راہ ہموار ہوسکے جس کیلئے حکومت ہر فورم پر آواز اٹھا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی موثر ڈپلومیسی کے باعث آج دنیا مسئلہ کشمیر کو تعصب اور مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنے لگی ہے مگر یہ کافی نہیں کشمیر کی آزادی کیلئے تمام ممالک کو کردار ادا کرنا ہوگا۔